ہراساں کرنے کے مقدمات، ایس ایچ او قطب پور،گلگشت سے جواب طلب

December 14, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر)جسٹس آف پیس نے مقدمات کی پیروی کی رنجش پر شہریوں کو ہراساں و پریشان کرنے کی درخواست پر ایس ایچ او تھانہ قطب پور سے 19 دسمبر کو جواب طلب کر لیا ہے، فاضل عدالت میں وزیراں مائی نے موقف اختیار کیا کہ عبدالغفور وغیرہ کے ساتھ کیس عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور ان کی پیروی کرنے پر ملزمان دھمکیاں دے رہے ہیں اور پولیس کے ہمراہ ان کے گھر بھی گھس آئے تھے ،فاضل عدالت نے پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو ہراساں و پریشان کرنے سے متعلق درخواست پر ایس ایچ او تھانہ قطب پور سے 17 دسمبر کو جواب طلب کر لیا ہے، عدالت میں اقرا ہاشم نے درخواست دائر کی تھی،فاضل عدالت نے خاتون کو ہراساں و پریشان کرنے سے متعلق درخواست پر ایس ایچ او تھانہ گلگشت سے 16 دسمبر کو جواب طلب کر لیا ہے، عدالت میں کرن شبیر ، محمد عمران، محمد کامران اور محمد زمان نے ہراسمنٹ کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ کرن شبیر کی غلام عباس سے شادی ہوئی تھی جس سے ایک بیٹا بھی ہے لیکن گھریلو ناچاقی کے باعث بہنوئی نے بہن کو مارپیٹ کر گھر سے نکال دیا اور اب اپنے حق کے لئے فیملی عدالت سے رجوع کیا تو بہنوئی سیاسی اثرو رسوخ استعمال کرکے انہیں دھمکیاں دے رہا ہے، سیشن عدالت نے اغواء کیس میں عدالتی حکم عدولی کرنے والے تھانہ سیتل ماڑی کے ہیڈ کانسٹیبل خالد حسین کی تنخواہ قرق کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں،فاضل عدالت نے منشیات کے مقدمہ میں ضمانت کے بعد مقدمہ کی پیروی نہ کرنے والے ملزم سیف عالم کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے تھانہ دہلی گیٹ پولیس کوجلد گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے، سیشن عدالت نے جعلی کاغذات تیار کرکے شہری سے لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے کے ملزم محمد راشد کی عبوری ضمانت میں تھانہ چہلیک پولیس سے آج ریکارڈ طلب کرلیا ہے،جوڈیشل مجسٹریٹ نے طے شدہ معاہدے پر عملدرآمد نہ کرنے کے مقدمے میں ملوث ملزم اجمل کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ شراب کے ملزم خالدکو جرم ثابت ہونے پر ڈیڑھ ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا کاحکم دیاہے۔