پشاور، خیبرپختونخوایوفون فٹبال کپ کی ٹرافی کی رونمائی

December 15, 2019

پشاور (خصوصی نامہ نگار) طہماس خان فٹ بال اسٹیڈیم میں خیبر پختونخوا یوفون فٹ بال کپ کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی اس موقع پر سپر آٹھ مرحلے میں پہنچنے والی ٹیموں کے کپتان موجود تھے۔ پشاور کمبائنڈ ایف سی، آتش ایف سی ٹانک، بنوں ریڈ ایف سی ، ڈی ایف اے گرین ایف سی کوہاٹ، شاہ ایف سی چارسدہ، ڈی ایف اے ایف سی صوابی، ڈی ایف اے ایف سی چترال اور پاک روز ایف سی ہری پورکے درمیان سپر آٹھ مرحلے کے مقابلے جاری ہیں۔ ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر ٹورنامنٹ کا باضابطہ گیت’’ یہ کھیل ہے ہمارا، یہ جیت ہے ہماری‘‘ بھی جاری کیا گیاجو مقامی گلوکار اور نغمہ نگار سیف علی خان نے گایاہے۔ قبل ازیں 21 شہروں میں کوالیفائرز منعقد ہوئے اور پھر سٹی چیمپیئنز نے ایلی منیٹرز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد سپر آٹھ مرحلے تک رسائی حاصل کی تھی، شہر کی سطح پر کامیاب ٹیمیں اب سیمی فائنلز میں رسائی کے لئے ایک دوسرے سے نبرد آزما ہوں گی۔ سیمی فائنلز 16 دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ 17 دسمبر کو فائنل منعقد ہوگا۔