مقبوضہ کشمیر ،عالمی تحقیقاتی کمیشن برائے انسانی حقوق کی تشکیل کا مطالبہ

December 15, 2019

اسلام آباد ( نامہ نگار) کل جماعتی قومی کشمیر کانفرنس میں کشمیری قیادت اور حریت رہنمائوں نے متفقہ قراردادمیں اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور پامالیوں کیخلاف تحقیقات کیلئے عالمی تحقیقاتی کمیشن برائے انسانی حقوق تشکیل دیا جائے۔اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زیراہتمام کُل جماعتی قومی کشمیر کانفرنس بعنوان ِ ’’ یاسین ملک کے خلاف بھارتی عزائم اور موجودہ قومی جدوجہد ِآزادی کے تقاضے ‘‘ منعقد ہوئی، کانفرنس کے اختتام پرمشترکہ اعلامیہ جاری ہوا جس میں رواں سال 5اگست کی جارحیت کے بعد مقبوضہ جموں کشمیر کے علاوہ بھارت کی مختلف ریاستوں کی جیلوں میں قید ہزاروں گرفتار حریت پسند کشمیریوں کی ناگفتہ بہ حالت ِزار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔کانفرنس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، حریت رہنما یاسین ملک کے خصوصی نمائندہ رفیق ڈارو دیگر نےشرکت کی۔