صحافیوں کے حقوق پر سودے بازی نہیں کی جائیگی،کیو یو جے

December 15, 2019

کوئٹہ(پ ر)کوئٹہ یونین آف جرنلسٹس کا اجلاس گزشتہ روز صدر امین اللہ خان مشوانی کی زیر صدارت ہوا جس میں جنرل سیکرٹری یاسر خان سابق صدر ہزار خان جعفر خان ترین یوسف حسن یوسفی بلوچ عصمت اللہ ثاقب عزیزجمال ترکئی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےمقررین نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور آواز اٹھائی جائیگی۔ حال ہی میںبڑی تعداد میں صحافیوں کو نوکریوں سے برطرف کر دیا گیا ۔ اس ضمن میں مرکز ی تنظیم پی ایف یو جے سے بھی بات چیت کی جائیگی انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائیگی اور بلا جواز صحافیوں کو بے روزگار کرنےاور تنخواہوں کی بندش کی بھی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ دوسری جانب صحافیوں کی اکثریت جاب سیکورٹی کے بغیر کام کررہی ہے۔ اکثر اخبارات کے اشتہارات کی بندش کے باعث کارکن تنخواہوں سے محروم ہیں حکومت فوری طور پر تمام اخبارات کو میرٹ کی بنیاد پر اشتہارات جاری کرے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومتی ارکان اوردیگر حکام سے ملاقاتیں کی جائینگی۔ بعد ازاں اجلاس کے شرکا ء کو سابق صدر ہزار خان کی جانب سے ظہرانہ دیا گیا۔