مشرق وسطیٰ تنازع کے حل میں مدد کریں گے، عمران خان

December 16, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

مشرق وسطیٰ تنازع کے حل میں مدد کریں گے، عمران خان

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ تنازعات بات چیت سےحل ہونے چاہئیں، پاکستان مشرق وسطیٰ میں تنازع کےحل میں مدد فراہم کرے گا‘ امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے پاک سعودی عرب شراکت داری نہایت اہم ہے۔

سعودی عرب نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے‘وزیر اعظم نے او آئی سی میں کشمیر پر سعودی عرب کے سرگرم کردار کو سراہا، انہوں نے ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ سعودی ولی عہد عمران خان کو رخصت کرنے ریاض ائیر پورٹ گئے۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کے ایک روزہ دورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا‘ اعلامیے کے مطابق عمران خان نے دورے کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں پاک سعودی عرب تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ‘عمران خان نے کہا کہ امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے پاک سعودی عرب شراکت داری نہایت اہم ہے۔