حسِ مزاح اور خوش طبعی

December 20, 2019

اسلام دین فطرت اور دینِ انسانیت ہے،جس میں انسان کے مزاج کی پوری رعایت رکھی گئی ہے۔مزاح اور خوش طبعی یا مذاق اور دل لگی ایک ایسی پُرکیف کیفیت ہے جو اللہ تعالیٰ نے تقریباً ہر انسان میں ودیعت فرمائی ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ یہ مادہ کسی میں کم تو کسی میںزیادہ رکھا ہے، سرور و انبساط کے موقع پر انسان سے بکثرت اس کا ظہور ہوتا رہتا ہے۔ بلاشبہ، یہ ایک عظیم نعمتِ خداوندی ہے۔ جو دلوں کی پژمردگی کو دور کرکے انہیں سرور و انبساط کی کیفیت سے ہمکنار کرتی ہے۔

مزاح اور دل لگی انسانی فطرت کا ایک لازمی حصہ ہے، جو خود خالق ومالک نے اس میں ودیعت فرمایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر فردِ بشر میں یہ وصف پایاجاتا ہے۔ جو شخص اس عطائے الٰہی کوبروئے کار لاتا ہے، وہ صحیح معنی میں فوائدِ کثیرہ اور منافعِ عظیمہ حاصل کرتا ہے۔ چنانچہ تجربہ شاہد ہے کہ جو شخص اس سے استفادہ نہیں کرتا، بلکہ بہ تکلف اسے دباتا ہے۔ اپنے اوپر وقار اور سنجیدگی کا مصنوعی خول چڑھا لیتاہے اوراپنے آپ کو وقار اور تمکنت کا مجسم پیکر بناکر لوگوں کے سامنے پیش کرتا ہے۔ اسے مغرور، متکبر، بدمزاج، بدخلق، نک چڑھا جیسے القاب سے نوازا جاتا ہے۔ جو انسان اس نعمت خداوندی کو بروئے کارلاتا ہے۔اہل دنیا اسے متواضع، منکسر المزاج، خوش اخلاق، خوش طبع، خوش مزاج جیسے القاب سے نوازتے ہیں، اپنے متعلقین میں وہ بڑا ہی مقبول ومحبوب ہوتا ہے۔

دنیا میں وہ ہر د ل عزیز بن کر زندگی بسر کرتا ہے ،کثیر تعداد میں لوگ اس سے استفادہ کرتے ہیں ،نتیجتاً اس کی صلاحیتوں اور استعداد کو جلا ملتی جاتی ہے اوراس کی قابلیت نکھر کر سامنے آتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انبیائے کرام علیہم الصلوٰۃ والسلام بہ ہمہ وجوہ امت کے فکر وغم میں مستغرق ہونے کے باوجود ان میں بھی ایک فطری جذبہ ہے۔ شریعت تمام امور میں اعتدال پسند واقع ہوئی ہے، لہٰذا مزاح اور خوش طبعی میں بھی اعتدال کو ملحوظ رکھا ہے۔ چنانچہ موقع اورمحل کی مناسبت سے مزاح اور دل لگی مباح بلکہ مستحب ہے۔

علامہ نووی ؒفرماتے ہیں:جان لو کہ مزاح وہ ممنوع ہے جو حد سے زیادہ ہو اور اس پر مداومت کی جائے کیونکہ یہ بہت زیادہ ہنسنے اور دل کے سخت ہونے کا باعث ہے، ذکر الٰہی سے غافل کردیتاہے اور اہم دینی امور میں غور وفکر سے باز رکھتا ہے۔ بسا اوقات ایذارسانی تک پہنچاتا ہے۔ بغض وعناد پیدا کرنے کا باعث بنتا ہے، جو شخص ان امور سے محفوظ ہوتو اس کے لئے مباح ہے ،یہ عمل خود رسول اللہ ﷺ نے کبھی کبھار کسی مصلحت کے پیش نظر مخاطب کو بے تکلف اور مانوس بنانے کے لئے انجام دیا اور یہ سنتِ مستحبہ ہے۔(مرقاۃ ج۸ ص۶۱۷)

حضرت عبداللہ بن حارثؓ سے مروی ہےکہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے زیادہ کثیرالمزاح کسی کو نہیں پایا۔ چونکہ رسول اللہ ﷺکثرتِ مزاح کے مفاسد سے محفوظ تھے ،لہٰذا آپ کے لئے وہ مباح تھا۔

حضرت عمرہ بنت عبدالرحمن ؓفرماتی ہیں کہ میں نے ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے دریافت کیا کہ جب حضور ﷺ گھر تشریف لاتے تو حضور ﷺ کا طریقۂ کار کیا تھا؟آپ نے فرمایا: آپ کا سلوک عام لوگوں کی طرح تھااورحضورﷺ سب سے زیادہ کریم الاخلاق تھے، ہنستے اور مسکراتے بھی تھے ۔ لیکن آپ ﷺکی شانِ ظرافت ،خوش طبعی،دل لگی اور دل آویز تبسّم اعتدال اور میانہ روی کا مرقّع تھا۔حضرت عمر ؓ سے مروی ہے کہ رسولِ اکرمﷺ نے فرمایا،میں مزاح تو کرتا ہوں ،لیکن ہمیشہ سچ کہتا ہوں۔(مشکوٰۃ ص۴۱۶)

ایک شخص نے خدمتِ اقدس میں آکر سواری کی درخواست کی، آپﷺ نے ارشاد فرمایا کہ میں تمہیں اونٹنی کا بچہ دوں گا۔ وہ شخص حیران ہوگیا، کیوں کہ وہ تو سواری کے لیے مفید نہیں ہوتا۔ عرض کیا یارسول اللہﷺ! میں اونٹنی کے بچے کا کیا کروں گا؟ آپﷺ نے ارشاد فرمایا: کوئی اونٹ ایسا بھی ہوتا ہے جو اونٹنی کا بچہ نہ ہو! (شمائل ترمذی)

حضرت انسؓسے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ان سے فرمایا: اے دوکان والے۔(مشکوٰۃ ص۴۱۶)رسول اللہ ﷺ کا حضرت انسؓ سے ”اے دو کان والے“ کہنا بھی ظرافت اور خوش طبعی کے طورپر تھا اور ظرافت کا یہ انداز تو ہمارے عرف میں بھی رائج ہے، مثلاً کبھی اپنے بے تکلف دوست یا ذہین طالب علم سے ناراضی کا اظہار اس انداز میں کیاجاتا ہے کہ ایک چپت رسید کروں گا تو تمہارا سر دوکانوں کے درمیان ہوجائے گا۔ حالانکہ وہ پہلے سے وہیں پر ہوتا ہے۔

حضرت انسؓ حضور ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپ نے ایک بوڑھی عورت سے فرمایاکہ بڑھیا جنت میں داخل نہیں ہوگی۔ اس نے عرض کیا ،بوڑھی کے لئے کیا چیز دخولِ جنت سے مانع ہے؟ حضور ﷺنے فرمایا ،کیا تم نے قرآن میں نہیں پڑھا ہم جنتی عورتوں کو پیدا کریں گے، پس ہم انہیں کنواریاں بنادیں گے۔(مشکوٰۃ ص۴۱۶)

ایک اور روایت میں یہ واقعہ مزید تفصیل کے ساتھ وارد ہوا ہے کہ اس صحابیہ عورت نے جو بوڑھی تھیں، آپ سے دخولِ جنت کی دعا کی درخواست کی تو اس پر آپ نے مزاحاً فرمایا کہ بوڑھی عورت تو جنت میں داخل نہیں ہوگی، یہ سن کر اسےبڑا رنج ہوا اور روتے ہوئے واپس چلی گئیں تو آپ ﷺنے فرمایا کہ جاکر اسے کہہ دو کہ عورتیں بڑھاپے کے ساتھ جنت میں داخل نہیں ہوں گی کیونکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایاہے ”اِنَّا انشئاناہُنَّ اِنشاءً فَجَعَلنٰہُنّ اَبکاراً“ حضور ﷺکا مزاح اس واقعے میں بھی مبنی برحق تھا مگرآپ نے ایک سچی بات کو مزاحیہ انداز میں بیان کرکے امت کو یہ تعلیم دی کہ کبھی کبھار مذاق اور دل لگی بھی کرلینی چاہئے۔

ایک انصاری صحابیہ آﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئیں، آپ ﷺنے اس سے فرمایا، جا جلدی سے اپنے خاوند کے پاس اس کی آنکھوں میں سفیدی ہے ،وہ ایک دم گھبراکرخاوند کے پاس پہنچی تو خاوند نے پوچھا ،کیا بات ہے؟ اس طرح گھبراکر دوڑی کیوں چلی آئی ہو؟ اس نے کہا کہ مجھے میرے نبی ﷺ نے خبر دی ہے کہ تمہاری آنکھوں میں سفیدی ہے، اس نے کہا،ٹھیک ہے ،مگر سیاہی بھی تو ہے، تب اسے اندازہ ہوا کہ یہ مزاح تھا، وہ ہنس کر خوش ہوئی ، فخر محسوس کیا کہ اللہ کے رسول ﷺمجھ سے اس قدر بے تکلف ہوئے کہ میرے ساتھ مزاح فرمایا۔ (لطائف علمیہ ص۱۰) اس کے علاوہ بھی آپ ﷺ کے مزاح کے بہت سے واقعات کتب احادیث میں موجود ہیں جو مزاح کی سنتِ مستحبہ ہونے پر دلیل ہیں۔

خلاصہٴ کلام یہ کہ مزاح ایک فطری جذبہ ہے ،انسان سے اس کا ظاہرہونا عیب کی بات نہیں ،بلکہ اس کا صدورانبیائے کرام علیہم الصلوٰۃ والسلام سے بھی ہوا ہے ،صحابۂ کرام ؓسے بھی اور اولیائے کرام سے بھی۔ غرض مزاح اور دل لگی ایک سنتِ مستحبہ ہے جولوگ اسے اپنے وقار اور شان کے خلاف سمجھتے ہیں ،وہ بہت بڑی غلطی پر ہیں۔البتہ یہ خیال ضروررہے کہ ہمارا مزاح اور دل لگی کسی کی دل شکنی اور ایذاء رسانی کا سبب نہ ہو۔ اس لیے کہ کسی مسلمان بھائی کی ایذارسانی،اسے کم تر سمجھنا،اس کا تمسخر اڑانا اس سے ایسا مذاق کرنا جو اسے ناگوار گزرے اور اس کے لیے ذہنی اذیت اورتکلیف کا باعث ہو ،یہ عمل ازروئے شریعت ممنوع اور ناجائز ہے۔لہٰذا ایسے ہر اقدام سے گریز کرنا چاہیے، جو لوگوں کےلیے تکلیف اور اذیت کا باعث ہو۔