لائسنس معطل کرنے والے اپنا شوق پورا کر لیں، راجہ بشارت

December 23, 2019

پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے کہاہے کہ ان کا اور وزیر اعلیٰ کا لائسنس معطل کرنے والے اپنا شوق پورا کر لیں، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے قانون سازی کے موقع پر بائیکاٹ کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں وزیر قانون راجہ بشارت نے میڈیا بریفنگ میںکہا کہ حکومت نے اب تک ریکارڈ قانون سازی کی ہے جبکہ اپوزیشن ایوان کے اندر کچھ اور میڈیا کے سامنے کچھ اور بات کرتی ہے۔

راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ لاہور میں صفائی کے معاملات پر خصوصی توجہ دیں گے، لائسنس معطلی کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تو کبھی پریکٹس نہیں کی، پی آئی سی معاملے پر حکومتی کمیٹی نے رپورٹ دیدی ہے جس پر ایکشن ہوگا۔

وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ پی آئی سی واقعے پر انصاف عدالت نے دینا ہے حکومت کا کام مقدمات درج کرکے گرفتاریاں کرنا تھا ۔

ان کا کہنا تھا کہ مشرف کے خلاف فیصلے سے ملکی و غیر ملکی سطح پر جگ ہنسائی ہوئی ہے۔