پائوں میں کیڑے پڑنےسے متاثرہ نوجوان رینجرز اسپتال میں صحت یاب

January 03, 2020

تین ماہ قبل لاڑکانہ میں زخمی حالت میں ملنے والا لاوارث نوجوان پاکستان رینجرز کے کراچی اسپتال میں صحت یاب ہوگیا۔ پاکستان رینجرز کے اسپتال میں علاج مکمل ہونے کے بعد اپنے پیروں پر چلتے ہوئے نوجوان کو ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کر دیا گیا۔

رینجرز کے ترجمان کے مطابق گزشتہ برس اکتوبر میں لاڑکانہ میں پاؤں میں کیڑے پڑنے سے نیم معذور ہونے والے ایک نوجوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ جس پر ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے فوری نوٹس لیتے ہوئے رینجرز کے ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم لاڑکانہ روانہ کی تھی۔

پاکستان رینجرز کے ڈاکٹر نے اسے رینجرز اسپتال سکھر میں ابتدائی طبی امداد دے کر مکمل طبی معائنہ اور علاج کے لئے سندھ رینجرز اسپتا ل کراچی پہنچایا جہاں مریض کے پاؤں کے متعدد آپریشن کے بعد اس کی اسکن گرافٹنگ بھی کی گئی۔

مسلسل دیکھ بھال اور علاج کے بعد یہ نوجوان گزشتہ روز مکمل صحت یاب ہوگیا، جسے آج اید ھی ہوم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ یہ نوجوان اپنے پاؤں پر چلتا ہوا ایدھی فاؤنڈیشن کے پاس پہنچا۔

رینجرز ذرائع کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے ذمہ داروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ شخص کے ورثہ کو تلاش کرکے ان کے حوالے کریں۔ رینجرز ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کے لواحقین اگر چاہیں تو وہ ایدھی فاؤنڈیشن رابطہ کرکے اپنے جگرگوشے کو ساتھ لے جا سکتے ہیں۔