ملتان،فیصل آباد میں گڈز ٹرانسپوٹرز کی ہڑتال کا تیسرا دن

January 08, 2020

ملتان اور فیصل آبادمیں گڈز ٹرانسپوٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری ہے جس کی وجہ سے برآمدی اور درآمدی سامان کی ترسیل معطل ہے ۔

گڈز ٹرانسپوٹرز نے ملتان میں بھی موٹروے پر جرمانوں میں اضافے اور ٹول ٹیکس میں اضافے کے خلاف ہڑتال کر رکھی ہے ہڑتال کے باعث کنٹینرز اور ٹرکوں کے ذریعے تمام قسم کے سامان کی ترسیل مکمل طور پر بند ہے جس سے کاروباری طبقے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

کنٹینرز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر زاہد رفیق کا دعویٰ ہےکہ 3 روز کے دوران اب تک ڈیڑھ ہزار کنٹینرز کی فیصل آباد سے روانگی نہیں ہوسکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسل لوڈ کنٹرول پر عملدرآمد ، روٹ پرمٹ اور ٹوکن فیس میں اضافہ واپس لینے سمیت 10 نکاتی مطالبات تسلیم ہونے تک ان کی ہڑتال جاری رہے گی۔