’اجے کو شادی کی بہت جلدی تھی‘، کاجول

January 09, 2020

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول نے اپنی شادی سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجے دیوگن کو شادی کی اتنی جلدی تھی کہ انہوں نے ’پھیروں‘ کے دوران ہی پنڈت کو جلدی کرنے کے لئے رشوت دینے کی بھی کوشش کی تھی۔

اپنی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں کاجول نے اپنی اور اجے دویوگن کی شادی سے قبل ڈیٹنگ اور شادی کے بعد کی دلچسپ کہانیاں شیئر کیں ۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

کاجول اور اجے دیوگن کی آنے والی نئی فلم ’تاناجی: دی ان سنگ واریئر‘ کانیا گانا ریلیز

کاجول نے بتایا کہ انہوں نے اجے دیوگن کو پہلی بار 1995 میں فلم ہلچل کے سیٹ پر دیکھا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب میں سیٹ پر پہنچی تو میں نے عام انداز میں پوچھا کہ ’میرا ہیرو کہاں ہے؟‘


وہاں موجود لوگوں نے میری جانب عجیب انداز میں دیکھا اور اجے کی جانب اشارہ کیا جو وہیں کونے میں بیٹھے تھے۔ اسی سیٹ سے اجے اور کاجول کی بات چیت شروع ہوئی جو جلد ہی دوستی میں تبدیل ہوگئی۔

فلم ہلچل کے بعد کاجول اور اجے دیوگن نے دیگر فلموں میں بھی ساتھ کام کیا جن میں ’راجو چاچا، پیار تو ہونا ہی تھا ، عشق، دل کیا کرے‘ اور دیگر شامل ہیں ۔

اسی پوسٹ میں انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اور اجے دیوگن شادی سے قبل چار سال تک ساتھ رہے جس میں اُن کا زیادہ تر وقت گاڑی میں سفر کرتے گزرتا تھا۔ ان دنوں اجے جوہو میں رہتے تھے اور میں جنوبی ممبئی میں اس وجہ سے ہمارا رشتہ جوڑنے میں گاڑی کے عمل دخل کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے بتایا کہ جب ہم نے دوستی کو شادی میں بدلنے کا فیصلہ کیا تو اجے دیوگن کے گھر والے تو راضی تھے لیکن میرے والد 4 دن تک مجھ سے خفا رہے، وہ چاہتے تھے کہ میں اپنے کیرئیر پر توجہ دوں تاہم میری ضد کے آگے وہ بھی جلد ہی راضی ہوگئے ۔

کاجول نے اس بات سے بھی پردہ اٹھایا کہ ان دونوں نے کچھ نجی وجوہات کی بناء پر میڈیا والوں کو شادی کا غلط مقام بتایا تھا ۔

انہوں نے شادی کے دن کی تقریب کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں آج بھی یاد ہے کہ شادی کے وقت پھیروں کے دوران اجے مستقل پنڈت کو جلدی کرنے کا کہہ رہے تھے ۔

کاجول کا کہنا تھا کہ وہ ایک طویل ہنی مون چاہتی تھیں جس کے لیے انہوں نے لاس ویگاس ، امریکی ریاست ہوائی سمیت سڈنی تک کا سفر کیا تاہم 5 روز بعد ہی اجے دیوگن کی طبیعت خراب ہوگئی جس کے باعث انہوں نے اپنا دورہ مختصر کر کے واپسی کی راہ لی ۔

بالی ووڈ کے کامیاب شادی شدہ جوڑوں میں شمار ہونے والے جوڑے اجے دیوگن اور کاجول گزشتہ ایک دہائی سے ایک ساتھ فلم میں نظر نہیں آئے۔

دونوں جلد ہی آنے والی تاریخی ایکشن فلم ’تاناجی: دی ان سنگ وریئر‘ میں ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

اس فلم سے قبل کاجول اور اجے دیوگن 2010 کی فلم ٹونپور کا سپر ہیرو میں ایک ساتھ نظر آئے تھے، اس سے پہلے دونوں 2008 کی فلم ’یو، می اور ہم‘ میں بھی ایک ساتھ نظر آئے تھے۔