قبولِ اسلام کے بعد روزی کیا کریں گی؟

January 15, 2020

حال ہی میں دائرہ اسلام میں داخل ہونے والی کینیڈین موٹر سائیکلسٹ اور بلاگر روزی گیبریل سیاحت اور بائیکنگ جاری رکھیں گی۔

ویڈیو اور پکچر شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر روزی نے قبول اسلام کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیئے اور ان کے فیصلے کو سراہنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

یہ بھی دیکھئے: معروف کینیڈین بلاگر نے اسلام قبول کرلیا

انہوں نے مداحوں کی جانب سے کیے گئے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنا نام تبدیل نہیں کریں گی، اہل خانہ اُن کا فیصلہ تسلیم کر چکے ہیں، کسی فرقے کا انتخاب نہیں کیا اور نہ ہی کسی سے شادی کرنے کا ارادہ ہے۔


انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگلے سال وہ حج و عمرہ کرنے کی سعادت حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

حجاب سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ مستقل طور پر حجاب نہیں لیں گی کیونکہ یہ شرط لازمی نہیں اور نہ ہی وہ اپنی سیاحت اور موٹر سائیکل کا سفر ترک کریں گی۔

اپنی زندگی کے نئے باب کے حوالے سے انہوں نے اپنے احساسات شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے فیصلے پر لوگوں کی جانب سے بہت زیادہ پزیرائی ملی، مجھے اس قدر محبتیں ملنے کا اندازہ نہیں تھا۔‘

انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ نئے مرحلے پر ملنے والی محبتوں اور تعاون پر وہ سب کی مشکور ہیں۔

روزی نے اپنے تفصیلی کیپشن میں اس بات کا تذکرہ بھی کیا کہ لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے انہوں نے اسلام قبول نہیں کیا۔

موٹر سائیکل گرل نےشیئر کی گئی تصویر کے بارے میں تفصیل بتائی کہ ’یہ ایک سیلف پورٹریٹ ہے جو ٹرائی پوڈ اور ریموٹ کی مدد سے لی گئی ہے جبکہ ہاتھ میں اٹھائی اسکردو نامی بلی کو زخمی حالت میں روڈ سے اٹھا کر اس کے مکمل صحت یاب ہونے تک اپنے پاس رکھ لیا تھا۔

چند دن قبل روزی نے انسٹاگرام پر ہاتھ میں قرآن پاک تھامے ہوئے تصویریں شیئر کرتے ہوئے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا اعلان کیا تھا۔


ان کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا پر بےحد سراہا گیا اور ٹوئٹر کے ٹرینڈ پینل پر ٹاپ ٹرینڈ کی فہرست میں روزی کا نام بھی محو گردش رہا۔

اس پوسٹ کے آخر میں روزی نے سوشل میڈیا صارفین سے کہا تھا کہ اگر ان کے ذہن میں اس حوالے سے کوئی سوال ہو تو وہ کمنٹ کر کے پوچھ سکتے ہیں۔

روزی کو موصول ہونے والے سوالات کا جواب انہوں نے اپنی نئی پوسٹ میں دیا۔