ایرانی میزائل کی بوچھاڑ، امریکا کا فضا میں موجود ڈرونز سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا

January 16, 2020

عین الاسد ائیر بیس ، عراق (اے ایف پی) جب ایرانی میزائلوں کی بوچھاڑ نے عراق میں عین الاسد ائیر بیس میں تباہی مچانا شروع کی اس کے تھوڑی دیر بعد ہی صحرا میں موجود اس فوجی تنصیب میں موجود امریکی فوجیوں کو آسمان میںموجود ان کی آنکھوں (ڈرونز) سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا ۔ پریس کی جانب سے فوجی اڈے کے دورے کے دوران اسٹاف سارجنٹ کوسٹن ہروگ نے اے ایف پی کو بتایا کہ جس وقت میزائل حملہ شروع ہوا اس وقت عراقی فضاء میں 7؍ ڈرون پرواز کررہے تھے، 1500امریکی فوجیوں کو بنکرز میں منتقل کردیا گیا تھا لیکن 14پائلٹ کاک پٹ میں تبدیل کنٹینرز میں موجود تھے اور جیسے جیسے میزائل قریب گرتے رہے ہم نے سوچ لیا تھا کہ اب ہماری زندگی کا خاتمہ ہوگیا تاہم آخر اوقات میں کنٹینرز سے نکلے تو دیکھا کہ فائبر لائنز میں آگ لگی ہے اور یہ فائبر لائنز اینٹینا کو سیٹلائٹس سے کنیکٹ رکھتی ہے ، فائبر لائنز جل گئیں اور ہمارا ڈرونز پر کوئی کنٹرول نہیں تھا ۔