یکساں نصاب تعلیم کیلئے اعتماد میں نہ لینے پر تشویش ہے ، علماء

January 17, 2020

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) یکساں نصاب تعلیم کی تیاری کے حوالے سے دینی حلقوں کو اعتماد میں نہ لینے پر تشویش ہے، مدارس کی حریت و آزادی کیلئے وفاق المدارس کی قیادت کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد کے بجائے اسے ختم کرنے کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، مولانا فداء الرحمن درخواستی کی رحلت دینی حلقوں کا ناقابل تلافی نقصان ہے، ان کی خدمات کو یاد اور مشن کو ہمیشہ جاری رکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار جامعہ فرقانیہ راولپنڈی میں مولانا فداء الرحمن درخواستی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے سینیٹر مولانا عطاء الرحمٰن ،پاکستان شریعت کونسل کے امیر مفتی رویس خان ایوبی ،مولانا زاہدالراشدی ،مولانا عبدالمجید ہزاروی ،مولانا اشرف علی، مولانا جمیل الرحمن اختر، مولانا عبدالرؤف محمدی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مقررین نے کہا کہ مدارس کے داخلی نظام اور نصاب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، دینی اداروں کو کنٹرول میں لینے کے خواب دیکھنے والے پہلے خود کو دوسروں کے کنٹرول سے آزاد کروائیں، انہوں نے کہا کہ ملک کی نظریاتی اساس کے مخالفین ااسلامی نظریاتی کونسل، وفاقی شرعی عدالت اور ان جیسے دیگر اداروں کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑے ہیں انہیں ہمیشہ کی طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، آئین کی اسلامی شقوں پر ان کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔تقریب میں مولانا قاضی مشتاق احمد، مولانا قاری عبدالحفیظ، مولانا محمد علی قریشی، مولانا مفتی محمد سعد سعدی،حافظ علی محی الدین، مولانا عمران سندھو،مولانا مفتی محمد عارف، مولانا عبیداللہ عامر، ڈاکٹر عبدالواحد سجاد، قاری محمد عثمان رمضان، پروفیسر حافظ منیر احمد، حاجی صلاح الدین فاروقی، مولانا قاری الیاس چترالی، مولانا زبیر احمد درخواستی، مولانا محمد رضوان مکی، عباس چترالی، مولانا محمد معاویہ، مولانا خبیب احمد اور مولانا عبدالرشید جلالی سمیت پاکستان شریعت کونسل کے رہنماؤں اور مقامی علمائے کرام نے شرکت کی۔