دپیکا نے جے این یو جاکر اپنا جمہوری حق استعمال کیا، کنگنا رناوت

January 17, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.


کنگنارناوت کا دپیکا کے جے این یو احتجاج میں شرکت پر ردعمل

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے جے این یو کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرکے اپنا جمہوری حق استعمال کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے بھارتی فلم اسٹار دپیکا پڈوکون کے جے این یو کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر فنکار کا حق ہے کہ اُس کا جو دل چاہتا ہے وہ اپنی مرضی سے وہ کرسکتا ہے اور دپیکا پڈوکون نے بھی ایسا کرکے اپنا جمہوری حق استعما ل کیا ہے۔‘

کنگنا رناوت نے کہا کہ ’اگر میں یہ کہوں کہ دپیکا پڈوکون کو یوں اِس طرح جے این یو کے احتجاجی مظاہروں میں شرکت نہیں کرنی چاہیے تھی تو یہ کہنا مناسب نہیں ہوگا کیونکہ وہ آزاد ہیں اُن کا جو دل چاہے وہ کریں۔‘

کنگنا رناوت نے کہا کہ ’میں صرف یہ بتا سکتی ہوں کہ مجھے کیا کرنا چاہیے اور مجھے کیا نہیں کرنا چاہیے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’میں اگر اپنے بارے میں میں بتاؤں تو میں یقینی طور پر اِن احتجاجی مظاہروں میں نہیں جاؤں گی اور نہ ہی میں اُن لوگوں کی حمایت کروں گی جو بھارت کو تقسیم کر رہے ہیں۔‘

بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ’میں اُن لوگوں کی بھی حمایت نہیں کروں گی جو قوم کو طاقت دے کر اور بااختیار بنا کر جوانوں کی موت پر ہنستے ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے یہ سب اِس لیے بتایا کہ میں صرف اپنی سوچ کے بارے میں رائے دے سکتی ہوں، میں اِس پر تبصرہ نہیں کر سکتی کہ دپیکا کو جے این یو احتجاج میں جانا چاہیے تھا یا نہیں جانا چاہیے تھا۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں آر ایس ایس کے 50 سے 60 غنڈوں نے گُھس کر یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد سے بھارت میں طلبہ و طالبات کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں، اِن ہی احتجاجی مظاہروں میں گزشتہ دنوں بھارتی فلم اسٹار دپیکا پڈوکون نے بھی شرکت کی تھی جس کے بعد سے بھارت میں اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔