• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دپیکا کی بھارتی انتہا پسندوں کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں شرکت


بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون نئی دہلی میں ہونے والے بھارتی انتہا پسندوں کے خلاف مظاہروں میں شریک ہوئیں۔

نئی دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں 5 جنوری کو نقاب پوشوں کی جانب سے رات گئے طلبہ اور اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں دپیکا بھی پہنچ گئیں۔

کالے لباس میں ملبوس دپیکا نے حملے کا شکار طلبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور تقریباً 15 منٹ قیام کیا تاہم احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرنے سے گریز کیا۔

 آر ایس ایس کے غنڈوں کی طرف جواہر لعل یونیورسٹی پر حملے کے بعد کسی بھی بالی ووڈ اداکارہ کا یہ پہلا دورہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جے این یو اسٹوڈنٹ یونین کے سابق صدر کنہیا کمار نے دپیکا کے مظاہرے میں شرکت کے دوران بنائی گئی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کے حمایت کرنے کا شکریہ ادا کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دپیکا نے حملے میں شدید زخمی ہونے والی جے این یو اسٹوڈنٹ یونین کی صدر عاشے گھوش کو گلے لگایا اور منتظمین سے مختصر گفتگو بھی کی۔

یاد رہے کہ دپیکا اپنی نئی آنے والی فلم چھپاک کی تشہیر مہم کے سلسلے میں نئی دہلی میں موجود ہیں تاہم ان کی اس احتجاج میں شرکت سے انہیں بھارت میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور بھارتی ان کی فلم کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان بھی کر رہے ہیں۔

تازہ ترین