• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں طلباء سے زیادہ گائے کو تحفظ دیا جاتا ہے، ٹوئنکل کھنّہ

معروف بالی ووڈ پروڈیوسر اور سابق اداکارہ ٹوئنکل کھنّہ کا کہنا ہے کہ بھارت ایک ایسا ملک ہے جہاں طلباء سے زیادہ گائے کو تحفظ دیا جاتا ہے۔

بھارت کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں طلباء پر تشدد کے واقعے کے بعد بالی ووڈ پروڈیوسر ٹوئنکل کھنّہ نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بھارتی اخبار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بھارت ایک ایسا ملک ہےجہاں طلباء سے زیادہ گائے کو تحفظ دیاجاتا ہے۔‘

ٹوئنکل کھنّہ نے لکھا کہ ’بھارت اب ایک ایسا ملک بن گیا ہے جہاں گائے کے ذبح کرنے پر تو پابندی ہے لیکن طلباء پر تشدد کرنے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’آپ طلباء پر ایسے ظُلم اور تشدد نہیں کرسکتے ، اِس سے سڑکوں پر احتجاج ہوگا، ہڑتالیں ہوں گی اور لوگ زیادہ سے زیادہ باہر نکل آئیں گے۔‘

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں شیئر کردہ اخبار کی سُرخی کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ اِس اخبار کی سُرخی سے واضح ہورہا ہے کہ اب بھارت میں طلباء کو تحفظ نہیں ہے۔

یہ بھی دیکھئے: آر ایس ایس کے غنڈوں کا نہرو یونیورسٹی پر حملہ


واضح رہے کہ گزشتہ روز نئی دلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں آر ایس ایس کے 50 سے 60 انتہا پسندوں نے حملہ کیا اور مسلمان طلباء کو چُن چُن کر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اساتذہ سمیت 24 افراد زخمی ہوئے، حملے کے دوران طالبات پر بھی تشدد کیا گیا جبکہ طُلبہ یونین کی صدر کو مار مار کر لہو لہان کر دیا گیا۔ 

اِس واقعے کے بعد بھارت کے کئی شہروں میں طلباء سراپا احتجاج ہیں جبکہ نئی دلی میں جے این یو کےطلباء کی جانب سے پولیس ہیڈ کوارٹر کے پاس جمع ہوکر نعرے بازی بھی کی گئی۔

تازہ ترین