ان فٹ اینڈی مرے کی ٹینس میں واپسی مزید موخر

January 18, 2020

لندن (جنگ نیوز) برطانوی ٹینس پلیئر اینڈی مرے کی کورٹس میں واپسی مزید موخر ہوگئی ہے۔ وہ طویل عرصے سے انجریز سے نبردآزما ہیں۔ وہ گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن سے پہلے ہی دستبردار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے آخری مرتبہ گذشتہ نومبر میں ڈیوس کپ میں کھیلتے دکھائی دیے تھے ۔32 سالہ سابق عالمی نمبر ایک کا کہنا ہے کہ وہ ابھی مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں اور امید کرتے ہیں کہ فروری میں مونٹ پلیر یا روٹرڈیم چیمپئن شپ کے ذریعے مسابقتی ٹینس میں واپسی کرسکتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے جسم کی آواز سننی ہے۔ دیکھنا ہوگا کہ فٹنس کب کھیلنے کی اجازت دیتی ہے۔ میں یہ فیصلہ جلد بازی میں نہیں کرنا چاہتا۔ خیال رہے کہ مرے نے دسمبر میں میامی میں اپنا معمول کا ٹریننگ کیمپ بھی منسوخ کردیا تھا۔