گیس نہیں، آٹا بھی مہنگا، لیکن عمران کے سوا کوئی آپشن نہیں، شیخ رشید

January 19, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

گیس نہیں، آٹا بھی مہنگا، لیکن عمران کے سوا کوئی آپشن نہیں، شیخ رشید

لاہور(نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ سیل،ٹی وی رپورٹ)وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ گیس نہیں ہے ، آٹا مہنگا ہے اور بیروز گاری ہے لیکن عمران خان کے علاوہ آپشن نہیں،آٹا بھی سستا دیتے تو لوگ مطمئین ہو جاتے ،نومبر اور دسمبر میں لوگ زیادہ روٹی کھاتے ہیں،حکومت میڈیا سے تعلقات صحیح کرے،چینلز سے لڑنے والے قابل مذمت ہیں،نواز شریف نہیں میرا دوست شہباز شریف واپس آئے گا۔

نواز شریف نہیں آرہے،نہیں آرہے ،نہیں آرہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف جس کام کے لئے لندن گئے ہیں انہیں وہ کرنے دیں، مریم نواز اور شہباز شریف کے خلاف سنجیدہ کیسز آنے والے ہیں، شہبازشریف میری پارٹی کے آدمی ہیں جب میں کہوں تب ہی واپس آئیں اور اگر وہ واپس آنا چاہتے ہیں تو اسلام علیکم۔

یہ سارے لوگ سوچ سمجھ کر ہی باہر گئے ہیں، میں نے کہا تھا کہ تابوت بھی یہیں سے نکلے گا اور ثبوت بھی، نواز شریف نہیں آرہے اور مریم نواز فی الحال اپنے والد کے پاس نہیں جارہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بہت ساری افواہیں چل رہی ہیں لیکن کچھ نہیں ہوگا، پہلے ہی کہا تھا کہ آرمی ایکٹ سے متعلق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) تعاون کرے گی، نیب آرڈیننس پر بھی پردے کے پیچھے تعاون جاری ہے، امید ہے الیکشن کمشنر کے معاملہ بھی اتفاق رائے سے حل ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ میں عمران خان کا اتحادی ہوں پی ٹی آئی کا ترجمان نہیں، جب تک عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ ہیں میں بھی ساتھ ہوں، فواد چوہدری بڑے آدمی میں ہیں، ان میں ہمت ہے اسی لئے انہوں نے سب کے سامنے یہ بات کہہ دی۔

مہنگائی اور آٹے کے بحران پر وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف ایک مجبوری ہے، گیس نہیں ہے اور آٹا بھی مہنگا ہے لیکن عمران خان کے علاوہ آپشن نہیں۔

عمران خان کے علاوہ کوئی متبادل نہیں، مہنگائی ختم کرنے کے لیے ہمیں 3 سال کا وقت دیں جن میں سے ڈیڑھ برس گزر گیا ہے۔