’بلیک باکس کسی کو دینے کامنصوبہ نہیں‘، ایران

January 20, 2020

ایران کا 8 جنوری کو ایرانی میزائلوں کا نشانہ بننے والے یوکرینی مسافر طیارے کا بلیک باکس فی الحال کسی دوسرے ملک بھیجنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے ایک اعلیٰ اہلکار حسن رضائفر نے ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی IRNA کو بتایا کہ ’یوکرینی انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز کا بلیک باکس اب بھی ایرانی ماہرین کے ہاتھ میں ہے جس کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

یہ بھی دیکھئے:یوکرینی طیارہ غلطی سے مار گرایا، ایران کا اعتراف

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی تجزیے کے بعد بلیک باکس کو یوکرین اور فرانس بھیجا جاسکتا ہے تاہم کسی دوسرے ملک بھیجنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

اس سے قبل حسن رضائفر کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا تھا کہ یوکرین حکام کی درخواست پر ’بلیک باکس‘ یوکرین کو بھیجا جائے گا۔

یاد رہے کہ آٹھ جنوری کو یوکرینی مسافر طیارہ تہران میں ایرانی میزائلوں کی زد میں آگیا تھا جس میں چھ ممالک کے شہری سوار تھے جن کی کل تعداد 167 تھی۔

دوسری جانب یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ وہ بلیک باکس کی حوالگی سے متعلق ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔