• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

یوکرینی طیارہ غلطی سے مار گرایا، ایران کا اعتراف، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی

یوکرینی طیارہ غلطی سے مار گرایا، ایران کا اعتراف


تہران، کیو(اے ایف پی، نیٹ نیوز)ایران نے یوکرینی طیارے کو غلطی سے مار گرانے کا اعتراف کرتے ہوئے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ یوکرین نے بھی ایران کی جانب سے میزائل حملے میں تباہ ہونے والے طیارے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا، ادھر کینیڈا نے کہاہےکہ یوکرینی طیارے سے متعلق مکمل وضاحت آنی چاہیے۔

دوسری جانب تہران میں مظاہرین کی ایک بڑی تعداد نے اس غلطی پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی حکام نے یوکرینی مسافر طیارے کے حوالےسے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہےکہ طیارے کو ملٹری کی جانب سے مارگرانا انسانی غلطی تھی۔

ایرانی حکام کا کہنا ہےکہ ایران کی فوج نے غلطی سے یوکرین کے مسافر طیارےکو نشانہ بنایا، امریکا کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں فوج انتہائی الرٹ تھی اور طیارے کو پاسداران انقلاب کے حساس عسکری سینٹر کی طرف بڑھتے ہوئے ہدفِ مخالف سمجھ کر غلطی سے نشانہ بنایا گیا۔

ایران نے طیارے کو مار گرانے کے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہےکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے سسٹم کو مزید جدید کیا جائے گا،ایران کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا ہےکہ جہاز پر حملے کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی اور وزیر خارجہ جواد ظریف نے یوکرین کے مسافر طیارے کو غلطی سے مار گرائے جانے پر معذرت کرلی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی میزائل فائر کیے جانے کو انسانی غلطی قرار دیا اور کہا کہ ناقابل فراموش غلطی اور عظیم سانحے کے ذمہ داروں کو سامنے لانے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے تحقیقات جاری ہیں،ایرانی صدر نے اسے ایک تباہ کن غلطی قرار دیتے ہوئے رنج کا اظہار کیا اور ساتھ ہی انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہاکہ ایرانی فورسز کی جانب سے ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ طیارے کو غلطی سے نشانہ بنایا گیا۔

جواد ظریف نے طیارہ مار گرانے کی ایک وجہ امریکا کو بھی قرار دیا اور کہا کہ اس وقت امریکا کے پیدا کردہ بحران کی وجہ سے انسانی غلطی ہوئی، ایرانی وزیر خارجہ نے اسے افسوسناک قرار دیتے ہوئے واقعے پر معذرت کی اور حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت کا بھی اظہار کیا۔

ادھر یوکرین کے صدر نے ایران کی جانب سے میزائل حملے میں تباہ ہونے والے طیارے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاہےکہ کینیڈا کےکریش انویسٹی گیٹرچندگھنٹوں میں تہران پہنچ رہےہیں،ایران میں گرائے گئے یوکرینی طیارے سے متعلق کئی سوالات ہیں،ایران یوکرینی طیارےکےخوفناک حادثےکی مکمل ذمے داری لے،یوکرینی طیارے سے متعلق مکمل وضاحت آنی چاہیے ۔

تازہ ترین