مہنگائی نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا‘مولانا عبدالصمد

January 21, 2020

کوئٹہ(پ ر)سابق صوبائی وزیر مولانا عبدالصمد اخوندزاد ہ نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرکے عوام کو ریلیف دے،ملک میں مہنگائی کی وجہ سے روزمرہ کی اشیاء عوام کی دسترس سے باہر ہوگئیں ،آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ،بے لگام مہنگائی اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن گئی،آئے روز اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے ،حکومت ایک طرف پٹرول کی قیمتوں میں ہر ماہ اضافہ کرتی ہے تو دوسری طرف روزمرہ کی اشیاء میں اضافے نے عوام کی مشکلات بڑھادیں ،وفاقی حکومت خوردنی اشیاء کو سستا کرکے عوام کو ریلیف دے ،غریب عوام مہنگائی کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری اور سیاسی لوگ ہیں تنقید برائے تنقید نہیں کرتے بلکہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے میدان میں نکلے ہیں اور عوام کی حمایت سے سرخرو ہوں گے ،عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے ہرفورم پر آواز بلندکی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ غریب اور نادار افراد کی مددکرنا ہماری سیاست کا محور ہے ،سیاست کو عبادت کے طور پر کررہے ہیں ،ملک اور صوبے میں مہنگائی کے خاتمے اور امن وامان کے قیام کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔