ایرانی خاتون اسپرنٹر فرزانے اولمپکس میں شرکت کیلئے پرامید

January 22, 2020

تہران (جنگ نیوز) ایرانی کی نوجوان خاتون اسپرنٹر فرازنے فصیحی اولمپکس میں شرکت کیلئے پرامید ہیں۔ وہ کوٹے کے بجائے کارکردگی کے بل پر میگاایونٹ میں کوالیفائی کرنا چاہتی ہیں۔ فرزانے نے 60 میٹرز کی ریس میں تیز ترین دوڑنے کا ملکی ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ انہوں نے عالمی انڈور ایتھلیٹکس چیمپئن شپ تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ ایونٹ نانجنگ، چین میں 13 سے 15 مارچ تک ہوگا۔ وہ چاہتی ہیں کہ خود کو عالمی سطح پر منوا کر ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کا حق حاصل کرلیں۔ وہ 2018 ایشین انڈور ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے 60میٹر ایونٹ میں برانز میڈل جیت چکی ہیں۔ فرزانے نے سربین اسپرنٹ کلب میں شمولیت اختیار کی ہے جہاں انہیں بہتر تربیت کے مواقع ملیں گے اور کارکردگی میں نکھارلاکر اولمپکس 100 میٹر ریس میں شرکت کا خواب پورا کرسکتی ہیں۔