پولیس افسر ایک ہی وقت میں دو تھانوں میں بطور ایس ایچ او تعینات،محکمے کی جگ ہنسائی تعیناتی کا حکم واپس لے لیا،ایس ایس پی

January 22, 2020

کراچی (افضل ندیم ڈوگر )کراچی میں پولیس افسر کو ایک ہی وقت میں دو اضلاع کے دو تھانوں میں ایس ایچ او تعینات کردیا گیا۔ جس سے پولیس کی خوب جگ ہنسائی ہوئی تاہم پہلے تقرری کرنے والے ایس ایس پی نے اپنے احکامات منسوخ کردیئے۔ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے "جنگ" کو بتایا کہ امتحان پاس کرنے والے پولیس افسران کے پُول میں شامل عمران آفریدی کا انہوں نے تقرر کیا بعد ازاں دوسرے تھانے میں تعیناتی کا لیٹر سامنے آتے ہیں انہوں نے تعیناتی کا اپنا حکم واپس لے لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ دوپہر ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے معمول کے ایک حکم نامے کے ذریعے گلبرگ تھانے کے ایس ایچ او رافع خان تنولی کا تبادلہ کرکے ایک انسپیکٹر عمران آفریدی کو ایس ایچ او گلبرگ تعینات کردیا۔