نیو اتحاد نان بائیوں نے ضلعی انتظامیہ کے نرخ مسترد کردیئے

January 22, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) نیو اتحاد نان بائیان کے رہنماؤں نے ضلعی انتطامیہ کی جانب سے پیڑےکےنرخ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ضلعی انتظامیہ نے 24 جنوری تک روٹی کے نئے نرخ جاری نہ کئے تو دکانیں بند کرکے چابیاں ڈی سی آفس میں جمع کرادیں گے۔ان خیالات کا اظہار اتحاد کے چیئرمین محمد نعیم خان خلجی، صدر حاجی رضا محمد خلجی ، جہانداد خان ، مولوی خیال علی خان ، نوروز ہزارہ و دیگر نے منگل کو نیو اتحاد نان بائیان کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب میں تقریب سے خطاب میں کیا۔اتحاد کے چیئرمین محمد نعیم خلجی نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی نے نان بائیان کو 280 گرام پیڑہ 20 روپے اور 560 گرام پیڑہ 40 روپے میں فروخت کرنے کا نرخ دیا۔ تاہم ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے نیا نرخ نامہ جاری کرکے 310 گرام پیڑہ 20 اور 620 گرام پیڑہ چالیس روپے میں فروخت کرنے کا نرخ جاری کیا ہے جسے نان بائیان مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 15دن قبل پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کے تمام ممبران کی موجودگی میں طے پایا تھا کہ محکمہ خوراک نان بائیان کو آٹے کا کوٹہ دے گا اور نیا نرخ نامہ جاری کیا جائیگا تاہم پندرہ دن گزرنے کے باوجود نان بائیان کو نہ تو آٹے کا کوٹہ دیا گیا اور نہ ہی نیا نرخ دیا گیا ہے اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ نان بائیان کو آئے روز ہزاروں روپے جرمانے کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال قبل نان بائیان 100 کلو گرام آٹے کی بوری 3300 روپے میں خریدتے کر روٹی 20 روپے میں فروخت کرتے تھے جبکہ اب 100 کلو آٹے کی بوری 5800 روپے میں خرید رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس سلینڈر ، بجلی ، آٹا ، دکان کا کرایہ ، مزدوروں کی تنخواہوں میں بھی کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ صارتحال کا نوٹس لے بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے ۔