شاہین باغ میں جاری احتجاجی تحریک ختم کرنے میں ناکامی کے بعد مودی حکومت کا نیا حربہ

January 23, 2020

کراچی (جنگ نیوز) متنازع شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دہلی کے شاہین باغ میں گذشتہ تقریباً 40 ایام سے خواتین کی منفرد تحریک جاری ہے۔ اسے ختم کرنے کے لیے مختلف طریقوں کی ناکامی کے بعد مودی حکومت نے اب بچوں کا حربہ آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔بھارتی ادارے قومی کمیشن برائے تحفظ اطفال نے جنوب مشرقی دہلی، جہاں شاہین باغ واقع ہے، کے انتظامی مجسٹریٹ سے کہا ہے کہ مظاہرے میں شامل بچوں کی نشاندہی کرکے ان کی کاونسلنگ کریں اور ضروری ہوتو چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو دس دنوں کے اندر جواب دینے کے لیے کہا گیا ہے۔دریائے جمنا کے کنارے واقع شاہین باغ میں خواتین گزشتہ تقریباً چالیس دنوں سے مسلسل دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ دہلی کی شدید سردی اوربارش بھی ان کا حوصلہ پست نہیں کرسکی ہے۔ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں میں جہاں بزرگ خواتین ہیں وہیں ایسی مائیں بھی ہیں جواپنے بچوں کو بھی دھرنے میں ساتھ لے کر آتی ہیں۔ بعض بچے تو ایک ماہ سے بھی کم عمر کے ہیں۔