وزیراعظم بڑا یوٹرن لیں اور چلے جائیں، کائرہ

January 24, 2020

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ لوگوں کو روٹی نہیں ملے گی تو وہ گریبان تک پہنچ جائیں گے، وزیراعظم عمران خان بڑا یوٹرن لیں اور چلے جائیں تاکہ لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں آ سکیں۔

پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات حسن مرتضیٰ کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ عوام کی آواز پر بھوک ہڑتال کریں گے اسے پاکستان کے شہروں اور گلیوں تک لے کر جائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر عشرت حسین کہہ رہےہیں کہ گڈ گورننس کا برا حال ہے، کسی ادارے میں سفارش کے بغیر کام نہیں ہو رہا ہے، اگر مزدور کی دیہاڑی نہیں لگے گی تو وہ جرم یا خود کشی ہی کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب حکومت سے جان چھڑوا کر دم لیں گے، آٹے اور چینی بحران پر تحقیقات ہونی چاہیے، گندم کی ایکسپورٹ پر 10 ارب روپے کا چونا لگا مزید لگے گا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ اپنے گھر میں آگ لگنے والی ہے، پنجاب اور وزرا پر پیسے کھانے کے الزامات ہیں، اپنی باری پر نیب قوانین میں ترمیم کررہے ہیں، عدالت نے بھی نیب قوانین ختم کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ جب تک طرز حکمرانی نہیں بدلے گا پنجاب میں تبدیلی نہیں آئے گی۔