آرگنائزیشن آف کشمیر کولیشن کے زیر اہتمام کل مباحثہ ہوگا

January 24, 2020

اکوونٹری ( نمائندہ جنگ ) آرگنائزیشن آف کشمیر کولیشن ( او کے سی ) کے زیر اہتمام کشمیر یوتھ اسمبلی مقبوضہ کشمیر میں جمہوری حقوق کے موضوع پر ایک مباحثے کا اہتمام کر رہی ہے، بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق آزادی دلوانے اور اپنی آواز ارباب اختیار تک پہنچانے کے لیے تقریب کل منعقد ہو گی، تقریب میں نوجوانوں اور طلباء کو خصوصی دعوت دی گئی ہے، یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد تقریب ہو گی، جس میں نوجوانوں کو مسئلۂ کشمیر کی اہمیت اور بھارتی دہشت گردی سے آگاہ کیا جائےگا۔ تقریب کے منتظمین نے بتایا کہ بھارت نے گزشتہ 170 دن سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگا کر دہشت گردی کی مثال قائم کر دی ہے جس سے کشمیر کا نوجوان ،بوڑھا، بچہ مرد خواتین کی زندگیاں اجیرن کر دی گئیں جو ایک لمحہ فکریہ ہے لیکن افسوس دنیا خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے جبکہ کشمیری اپنی زندگی گزارنے کیلئے بلک رہا ہے، ان حالات میں برسٹر عبدالمجید ترمبو نے نوجوانوں کے ذریعے تحریک کشمیر کا آغاز کر دیا ہے تاکہ بچوں کو مسئلۂ کشمیر سے آگاہ کیا جائےاور بھارت کو بے نقاب کیا جائے اور دنیا بھارتی دہشت گردی سے آگاہ ہو سکے منتظمین نے کہا کہ برسٹر مجید ترمبو نے جس طرح دنیا میں مسئلۂ کشمیر کو اجاگر کیا اب ایک مرتبہ نوجوانوں کے اندر جدت جوش و جذبہ پیدا کر کے مسئلۂ کشمیر کو بہتر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔