ایم کیو ایم نے حکومت سندھ کو بے جا تنقید کا نشانہ بنایا، ذوالفقار قائمخانی

January 24, 2020

کراچی ( پ ر ) پا کستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری و قائد حزب اختلاف ڈی ایم سی ایسٹ ذوالفقار قائم خانی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کی قیادت کی جانب سے ڈی ایم سی ایسٹ میں موجود سندھی مسلم سوسائٹی میں ایک خستہ حال اسکول کی تعمیر کے بعد افتتاحی تقریب میں حکومت سندھ کو بے جا تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ جبکہ یہی اسکول حکومت سندھ نے از سر نو تعمیر کروایا ہے اور ایسے کئی اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر و مرمت کرائی ہے ۔ ذوالفقار قائم خانی نے کہا کہ ضلع شرقی میں ایک بھی اسکول کی عمارت گزشتہ چار سالوں میں ڈی ایم سی ایسٹ نے تعمیر نہیں کرائی اور نا ہی کسی اسکول کی مرمت کروائی ہے۔مگر حکومت سندھ کی جانب سے تعمیر کردہ اسکولوں کی نئی عمارتوں کے فیتے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے کٹوائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی لیڈر شپ فیتے شوق سے کاٹے مگر تنقید کے بجائے شکریہ بھی ادا کریں جس کی تعلیم دوستی کے باعث تعلیمی اداروں کی نئی عمارتیں تعمیر ہو رہی ہیں۔ذوالفقار قائم خانی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اپنے اس مخالفانہ اور منافقانہ رویے کی وجہ سے سیاسی منظر نامے سے باہر ہو گئی ہے اسی لیے کراچی کے عوام ایم کیو ایم سے بیزار ہو گئے ہیں اور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں دھونس ، دھمکی اور خوف پر مبنی سیاست کو مسترد کردینگے۔