ہفتے کے آخری روز تیزی، 100 انڈیکس میں 126پوائنٹس کا اضافہ

January 25, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج، ایف اے ٹی ایف بارے مثبت خبریں ، کاروباری ہفتے کے آخری روز تیزی ریکارڈ کی گئی۔ 100انڈیکس میں 126پوائنٹس کااضافہ ، سرمایہ کاری مالیت 19ارب 77کروڑ 60لاکھ روپے بڑھ گئی، 50.85فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیا تاہم کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 25.03فی صدکم رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ٹریڈنگ کا آغا ز پر سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط طرز عمل سامنے آیا،لیکن پھر ایف اے ٹی ایف کے بارے میںآنے والی مثبت خبروں جس کے نتیجے میں سر مایہ کار سرگرم نظر آئے اور بڑے پیمانے پر خریداری کی گئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کے اختتام پر 100انڈیکس 126.08پوائنٹس کے اضافے سے 42633.02 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح 30انڈیکس 78.31پوائنٹس کے اضافے سے 19806.85 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 73.37پوائنٹس کے اضافے سے 29529.88 پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 350 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 178کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 152میں کمی اور 20 میں استحکام رہا ۔ بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں بڑھنے کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں 19ارب 77کروڑ 60 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بڑھ کر 79کھرب 59ارب 49کروڑ 12لاکھ روپے ہوگیا ۔جمعہ کو 17کروڑ 30لاکھ 43ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا جوجمعرات کی نسبت 5کروڑ 77 لاکھ 84ہزار شیئرز کم ہے۔