آئندہ موسم گرما میں پانی کا بحران سنگین ہونے کا اندیشہ ہے،متحدہ

January 27, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ آنے والے موسم گرما میں پانی کا بحران سنگین ہونے کا اندیشہ باعث تشویش ہے،کراچی کے مختلف علاقوں بالخصوص جنوبی کراچی سے پانی کی چوری واٹر بورڈ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے،شہری پہلے ہی بوند بوندپانی کو ترس رہے ہیں اور مذکورہ صورتحال اسے مزید ابتر کردے گی ،کراچی کے شرقی اور شمالی علاقے بھی پانی کے شدید بحران کا سامنا کررہے ہیں اور اگر یہ صورتحال برقرار رہی اور اس کا تدارک نہ کیا گیا تو صورتحال قابوسے باہر ہوجائے گی اور عوام احتجاج کرنے میں حق بجانب ہوں گے،اراکین سندھ اسمبلی نے وزیر اعلی سندھ ،گورنر سندھ اور دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ کراچی کو پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ موسم گرما میں صورتحال کو خراب ہونے سے بچایا جاسکے۔