امریکی بحریہ کا ہیلی کاپٹر فلپائن کے سمندر میں گر کر تباہ

January 27, 2020

منیلا (این این آئی) امریکی بحریہ کا ہیلی کاپٹر ایک آپریشن کے دوران فلپائن کے سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک فوجی آپریشن کے دوران امریکی بحریہ کا ہیلی کاپٹر ایم ایچ60 فلپائن کے کھلے سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا تاہم خوش قسمتی سے ہیلی کاپٹر میں موجود پانچوں اہلکاروں کو زندہ بچا لیا گیا۔ امریکی بحریہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پانچ میں سے تین اہلکاروں کی حالت نازک ہے جنہیں جاپانی ہیلی کاپٹر کی مدد سے اوکینوا میں ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ دیگر دو اہلکاروں کو امریکی بحری جہاز پر پہنچا دیا گیا ہے۔ بحری ہیلی کاپٹر کی تلاش اور اہلکاروں کو بحفاظت نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن میں دو امریکی وارشپ کے ساتھ جاپان کی میری ٹائم سیلف ڈیفنس اور جاپان کوسٹ گارڈ نے حصہ لیا۔ اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ امریکی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں حادثے کی وجہ سے آگاہ نہیں کیا گیا ہے جبکہ یہ بھی واضح نہیں کہ حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر کس قسم کی فوجی کارروائی میں مصروف تھا۔