تین لڑکوں سے زیادتی کے جرم میں ڈھائی سال قید

January 28, 2020

لندن (جنگ نیوز) 75 سالہ سابق کلمبنگ انسٹرکٹر کو تین لڑکوں سے زیادتی کے جرم میں ڈھائی سال قید سنا دی گئی۔ کارڈف سے تعلق رکھنے والے 75 سالہ رابرٹ پگ نے 1980 اور 1990 کی دہائی کے دوران بریکن بیکنز میں اسٹوری آرمس آؤٹ ڈور سرگرمی مرکز میں ان لڑکوں کو زیادتی نشانہ بنایا تھا۔ انہیں دسمبر میں کارڈف کراؤن کورٹ میں 10 الزامات کا مرتکب پایا گیا تھا۔ گزشتہ روز سزا سنائے جانے سے قبل انھیں حراست میں لیا گیا تھا۔ اس وقت تینوں وکٹمز کی عمر 16 سال سے کم تھی جب پگ نے ان کے ساتھ بدسلوکی کرنا شروع کی تھی۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ایک متاثرہ شخص نے کہا کہ اسے عدالت کے توسط سے مقدمہ چلانے کے دوران کچھ انتہائی مشکل اور تاریک حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ میں اب خود کو بہتر بنا رہا ہوں اور اپنی زندگی کے ساتھ آگے بڑھنے کا منتظر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے پر پہنچنے پرہم جیوری کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جج مائیکل فٹن نے رابرٹ پگ سے کہا کہ آپ نے تین نوجوانوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ اس سے پہلے جیوری سے کہاگیا تھا کہ ثبوت کی عدم دستیابی کی وجہ سے پگ کو بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے تین الزامات میں قصوروار نہیں ٹھہرایا جا سکتا تاہم بعد میں متاثرہ لڑکے شواہد دینے کیلئے آگئے۔ مجرم کو سزا سنائے جانے کے بعد کارڈف کونسل کے ترجمان نے متاثرہ ہر شخص سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ اب ویلز میں بچوں کی حفاظت کے حوالے سے نمایاں تبدیلیاں ہو چکی ہیں۔ بچوں کو نقصان سے بچانا اور ان کی حفاظت کرنا کونسل کی اولین ترجیح ہے۔ ساؤتھ ویلز پولیس کے ڈیٹیکٹو کون ونس جونس نے کہا کہ اس کیس کی کی انویسٹی گیشن لمبی اور پیچیدہ تھی۔ انہوں نے کیس کو نتیجہ خیز بنانے میں پگ کے متاثرین کی بہادری پر انکا شکریہ ادا کیا۔