وزیراعظم نے آئی جی سندھ کو اسلام آباد طلب کرلیا

January 28, 2020

وزیراعظم نے آئی جی سندھ کو اسلام آباد طلب کرلیا

وزیراعظم عمران خان نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کلیم امام کو ملاقات کے لیے اسلام آباد طلب کرلیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات کے لیے آئی جی سندھ اسلام آباد روانہ ہوگئےہیں، جہاں بدھ ( کل) دوپہر عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے گزشتہ روز کراچی کے دورے کے دوران آئی جی سندھ سے ملاقات نہایت مختصر رہی تھی، جس کے باعث آئی جی صوبے کی صورتحال پر انہیں بریفنگ بھی نہیں دے سکے تھے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات میں آئی جی سندھ کلیم امام کو نیا ٹاسک دے سکتے ہیں، عمران خان اس سے پہلے نئے آئی جی سندھ کا فیصلہ نہیں کرنا چاہتے۔

کابینہ اجلاس میں جی ڈی اے کے اعتراض اور نئے آئی جی سندھ کی تقرری کا معاملہ موخر کیے جانے کے بعد سے وزیراعظم عمران خان اور موجودہ آئی جی سندھ کلیم امام کی کل اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات انتہائی اہم ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات میں آئی جی سندھ کی تبدیلی پر اتفاق ہوگیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات میں وزیراعظم نے مشتاق مہر کی تعیناتی کا گرین سگنل دیا تھا جس کے بعد وفاقی کابینہ کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری ہونا تھا تاہم اب کابینہ نے آئی جی سندھ کی منظوری مؤخر کردی ہے۔