حلقہ ارباب ذوق کے اشتراک سےملٹی کلچرل مشاعرہ کا انعقاد

January 29, 2020

مانچسٹر( پ ر ) حلقہ ارباب ذوق برطانیہ کے اشتراک سے معروف ناول نگار قیصرہ شہراز کے زیر ہدایت مسلم آرٹ اینڈ کلچرل فیسٹیول میں ایک شاندار ملٹی کلچرل مشاعرہ منعقد ہوا۔ صدارت شاعر باصر کاظمی نے کی جب کہ نظامت کے فرائض حلقہ ارباب ذوق کی جنرل سیکرٹری روبینہ خان نے ادا کئے۔قیصرہ شہراز نے سامعین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دوعشروں کے دوران مسلم آرٹ اینڈ کلچر فیسٹیول کے تحت پچاس سے زائد سیمینار، نمائشیں، کتب میلے، ڈرامے، فلمیں، میوزک شوز پیش کئے جاچکے ہیں۔ مشاعرے کے آغاز سے پیشتر مانچسٹر میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے لیکچرار ڈاکڑ مارٹن نے ایک مقالہ پڑھا۔ مختلف ممالک کے شعرائے کرام نے اپنے کلام کیساتھ انگریزی ترجمے بھی پیش کئے۔،پاکستانی شعراء میں عالم پنوار، عنبرین گل،طاہر حفیظ، محمدانور، شارق خان، لیاقت علی عہد نے تازہ کلام پیش کیا جب کہ شہر کی ادبی و سماجی شخصیات میں سے محبوب الٰہی بٹ، وسیم چوہدری، مرزا محمد شہزاد، بیگم فردوس شاہ، بیگم طیبہ، ضمیر جاوید، مخدوم امجد شاہ، محمد صفدر، محمدانور کھاریاں ،بیگم احمد،لیورپول سے خواجہ عرفان الٰہی،عبداللطیف اور دیگر احباب تشریف لائے ۔ علاوہ ازیں مانچسٹر کے انگریز،مصری ، فلسطینی، ایرانی، آسٹریلیوی، سکاٹش، افریقن ، مراکشی،چینی، منگولیائی شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ آخر میں صدر مجلس باصر کاظمی نے اختتامی کلمات کے ساتھ اپنے کلام اور انگلش ترجمے سے سامعین کو محظوظ کیا۔