آئی جی سندھ کا اپنے افسر کیخلاف خط

January 29, 2020

آئی جی سندھ آفس نے اپنے افسر کے خلاف خط لکھ دیا، خط ایس پی عمر کوٹ اعجاز شیخ کے خلاف وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو لکھا گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ اعجاز شیخ کے خلاف3 انکوائریز کی گئیں جو کہ ان کے خلاف ثابت ہوئیں جس پر ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

کلیم امام کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن کے مطابق ایس پی عمرکوٹ اعجاز شیخ کے خلاف 3 انکوائریز کرائیں،جن میں الزام ثابت ہونے پر چیف سیکریٹری کو کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔







خط کے متن کے مطابق اعجاز شیخ نے پی پی پی رہنما سکندر راہ پوٹو کو بغیر اجازت اسکواڈ کی گاڑی دی، اسکواڈ کی خراب ڈرائیونگ کے باعث جسٹس گلزار کی گاڑی سے گزشتہ سال عمرکوٹ میں حادثہ ہوتے بچا۔

اس کے علاوہ گاڑی سے شہریوں کو کچلنے کے معاملے پر ایس پی عمر کوٹ اعجاز شیخ نے پنجو مل بھیل کا ساتھ دیا، عمر کوٹ میں 40 ایکڑ زمین کے تنازع پر بھی اعجاز شیخ پارٹی بنے تھے۔

آئی جی آفس کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اعجاز شیخ غیر سنجیدہ اور نان پروفیشنل آفیسر ہیں،جبکہ چیف سیکریٹری کو اعجاز شیخ کے خلاف لکھے گئے خطوط کی کاپیاں بھی منسلک کی گئی ہیں۔