کورونا وائرس کی روک تھام، چینی و عالمی ماہرین کی کوششیں جاری

January 29, 2020

چین میں پھیلنے والے نوویل کورونا وائرس سے نمٹنے اور اسکی ویکسین کی تیاری کے لیے ملکی و عالمی ماہرین کی کوششیں جاری ہیں۔

چین کی اکیڈمی آف انجینئرنگ نےدعویٰ کیا ہے کہ نوویل کورونا وائرس کے لیے ویکسین تیاری کے مراحل میں ہے، آسٹریلیا کے ماہرین نےمریض سے لیے گئے نمونے سے نوویل کورونا وائرس کے سائز کو بڑھایا ہے۔

اس پیش رفت سے وائرس سے نمٹنے کے لیے اہم معلومات ملنے کا امکان ہے۔

جرمنی میں ماہرین سارس وائرس سے نمٹنے کے لیے تیار کئے گئے اپنے دو INHIBITOR کو نوویل کورونا وائرس پر ٹیسٹ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

INHIBITOR ایسا اضافی مادہ ہوتا ہے جو جسم میں کسی تعامل کو روکنے کا کام کرتا ہے۔

واضح رہے کہ اب تک چین میں اس نئی مہلک وبا سے 132افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جبکہ اب تک لگ بھگ چھ ہزار افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ متاثرین کی یہ تعداد اس سے زیادہ ہے جو کہ 2002 اور 2003 کے دوران پھیلنے والی وبائی بیماری سارس وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔

دوسری جانب امریکا اور جاپان نے اس کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے چین کے علاقے ووہان سے اپنے سیکڑوں شہریوں کو نکالنے کے لیے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔

دریں اثنا قازقستان نے اپنے پڑوسی ملک، چین جانے والی ٹرین اور فضائی سروس معطل کردی ہے۔