چین: کورونا وائرس کا مریض صحتیاب، اسپتال سے ڈسچارج

February 01, 2020

چین: کورونا وائرس کا مریض صحتیاب، اسپتال سے ڈسچارج

چین میں کورونا وائر س سے متاثرہ مریض کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق 46 سالہ یانگ ( Yang ) چین کے صوبے ژی جیانگ کے اسپتال میں ایک ہفتے سے زیر علاج تھا۔

چینی میڈیا کے مطابق ووہان میں مقیم مریض کو شہر چھوڑتے وقت بخار اور سر درد کی شکایت تھی۔

یانگ کو اسپتال میں ایک ہفتہ علاج کے بعد جمعے کے روز اسے اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یانگ کے بھائی کا کہنا تھا کہ بروقت علاج کے باعث اُن کے بھائی کی جان بچ گئی۔

دوسری جانب چین میں کورونا وائرس نے مزید 46 جانیں لے لیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 259 ہو گئی ہے، تقریباً 12 ہزار افراد متاثر ہیں، جن میں 18 سو کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

مہلک وائرس کی روک تھام کے لیے چینی حکام نے 14 صوبوں میں چھٹیاں فروری کے دوسرے ہفتے تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کورونا وائرس اٹلی کے بعد سوئیڈن بھی پہنچ گیا، جس کے بعد اس وائرس سے متاثرہ ممالک کی تعداد 24 ہو گئی ہے۔

ہانگ کانگ میں ماہرین نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ویکسین بنانے کا دعویٰ کیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ کم از کم ایک سال جانوروں پر تجربات کے بعد انسانوں پر آزمائش کی نوبت آسکے گی۔