بجلی کی قمیت بڑھانے کیلئے درخواست پر سماعت کل نیپرا میں ہوگی

February 10, 2020

بجلی کی قمیت بڑھانے کیلئے درخواست پر سماعت کل نیپرا میں ہوگی

پاور ڈویژن کی کمپنی سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی آئی) نے نومبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 99 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کر رکھی ہے، بجلی کی قیمت ایک روپے فی یونٹ بڑھانے کی درخواست پر نیپرا کل سماعت کرے گا۔

بجلی کی قیمت بڑھانے کی درخواست فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی۔

درخواست میں کہا گیا کہ نومبر کے مہینے کیلئے فی یونٹ بجلی پیداوار پر اوسط فیول لاگت کا تخمینہ 2 روپے 48 پیسے لگایا گیا تھا جو 3 روپے 47 پیسے فی یونٹ رہے، درخواست منظوری کی صورت میں صارفین پر 8 ارب روپے کا بوجھ پڑسکتا ہے۔

فیصلے کا اطلاق کے-الیکٹرک کے سوا بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے لیے ہوگا۔

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست کے مطابق نومبر میں کل 7 ارب 43 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس میں سے 25 کھرب روپے کی 7 ارب 20 کروڑ یونٹ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو فروخت کی گئی۔