پاکستان میں چل چلاؤ کا نظام چل رہا ہے، سراج الحق

February 11, 2020

جماعت اسلامی کےامیر سینیٹر سراج الحق کا کہناہےکہ پاکستان میں چل چلاؤ کا نظام چل رہا ہے،جس نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا وہ سب سے زیادہ پریشان ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کےامیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پورا ملک دلدل میں دھنس گیا ہے جس نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا وہ سب سے زیادہ پریشان ہے، زراعت ختم ہورہی ہے تاجر پریشان ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت روز اعلان کرتی ہے کہ آنے والا کل بہتر ہوگا جبکہ وزیراعظم نے بھی کہا تھا کہ تنخواہ میں ان کا بھی گزارا نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف خود حکومت کہتی ہے کہ مافیاکی حکومت ہے جبکہ ملک میں زمین ،شوگر،سگریٹ،آٹا خور اور رئیل مافیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی پر ان ہی لوگوں نےپیسہ لگایا تھا اور انتخابی مہم چلائی تھی اور اب یہ مافیا کے لوگ معہ سود قیمت وصول کررہے ہیں۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ میرے راستے میں مافیا حائل ہے،وزیر اعظم اپنے دائیں بائیں دیکھیں انھیں مافیا نظر آجائے گا۔

سراج الحق نے کہا کہ کل بھی حکومت نے اشیا سستی کرنے کا اعلان کیا تھا، آپ کے پیارے نے چینی مہنگی کرکے ایک ہی دن میں 45 ارب کمائے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اب ہمارے تمام معاملات آئی ایم ایف کے ہاتھ میں ہیں ۔