صفدر کی ضمانت منسوخی درخواست پر سماعت ملتوی

February 17, 2020

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی ضمانت منسوخی کیلئے حکومتی اپیل پر پیش رفت نہیں ہوسکی، لاہور ہائیکورٹ میں سماعت بغیر کارروائی کےملتوی کر دی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ میں کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی ضمانت منسوخی درخواست کی سماعت جسٹس فاروق حیدر کی عدم دستیابی کے باعث ملتوی کردی گئی۔

پنجاب حکومت نے پراسیکیوشن کے ذریعے محمد صفدر کی ضمانت منسوخی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، حکومتی اپیل میں نشاندہی کی گئی کہ کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے سیشن عدالت میں ریاستی اداروں کے بارے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کی جو قابلِ اعتراض ہے۔

حکومتی اپیل کے مطابق سیشن عدالت نے حقائق کے برعکس کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منظور کر لی اور اس نکتے کو نظر انداز کردیا جن دفعات کےتحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، وہ ناقابلِ ضمانت ہیں۔