عمران کو اپنے فلیٹ میں دیکھ کر حیران ہوگیا، سینئر صحافی قمر احمد

February 18, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صحافی قمر احمد نے انکشاف کیا ہے کہ آکلینڈ میں بھارت کے ٹیسٹ میچ کے دوران مجھے ایک بھارتی سٹے باز نے کال کی اور بھاری معاوضے کے عوض پیشکش کی کہ آپ میچ میں کمنٹری کررہے ہیں،گراونڈ چھوٹا ہے اس لئے آپ باونڈری پر جاکرسلپ میں کھڑےبھارتی کرکٹر کو میرا پیغام پہنچادیں لیکن میں نے یہ پیشکش مسترد کردی۔انہوں نے کہا کہ کرپشن نے جنٹلمین کے کھیل کو داغ دار کردیا ہے۔وہ پیر کو اپنی کتاب فار مور دین اے گیم( FAR MORE THAN A GAME)کی تقریب رونمائی سے خطاب کررہے تھے۔تقریب کے میزبان ایچ بی ایل کے چیئر مین سلطان علی الانہ نے کہا کہ اس تقریب میں کئی ہیروز موجود ہیں لیکن آج کے ہیرو قمر احمد ہیں۔پیر کی شام کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے میلےکے آغاز سے قبل کرکٹ کے سنیئر ترین صحافی،کمنٹیٹر اور مبصر قمر احمد کی کتاب کی تقریب رونمائی شہر کی بڑی کرکٹ تقریب بن گئ جس میں موجودہ اور سابق کرکٹرز،صحافیوں اور ممتاز شخصیات نے بڑی تعدا د میں شرکت کی۔ تقریب میں اسکواش کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان، سابق کپتانوںیونس خان،ظہیر عباس، مشتاق محمد،سرفراز احمد،معین خان ،وسیم باری، صادق محمد،اقبال قاسم، عبدالرزاق،احمد شہزاد عبدالرقیب،حارث خان، سابق وفاقی وزیر جاوید جبار،ندیم عمر،اعظم خان، جمال میرجنگ گروپ کے شاہ رخ حسن،جیو کے اظہر عباس کے علاوہ مشہور شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔قمر احمد نے تقریر کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان،جاوید میاں داد،ظہیر عباس،نیلسن منڈیلا اور دنیا کی مختلف شخصیات کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں مختلف واقعات بیان کئے ان کا کہنا تھا کہ لندن میں ایک دن جب میں اپنے فلیٹ میں داخل ہوا تو ایک نوجوان میرے فرج سے دودھ نکال کر پی رہا تھا۔میں انہیں دیکھ کر حیران ہوگیا اور اس نوجوان سے پوچھا کہ آپ میرے فلیٹ میں کس طرح داخل ہوئے ہیں تو انہوں نے کہا کہ مجھے فلیٹ کی چابی آپ کے ایک دوست نے دی ہے۔نوجوان نے تعارف کراتے ہوئے کہا کہ میرا نام عمران خان ہے اور میں برطانیہ میں کرکٹ کھیلنے آیا ہوں۔قمر احمد نے کہا کہ یہ میری عمران سے پہلی ملاقات تھی۔قمر احمد نے عمران خان سمیت کئی کرکٹرز کے ساتھ دلچسپ واقعات سنائے اور حاضرین سے داد حاصل کی۔قمر احمد کا تعلق حیدر آباد سے ہے اور انہیں دنیا بھر میں لاتعداد انٹر نیشنل میچ اور1992کا ورلڈ کپ کور کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔