آٹا، گندم کے بحران پر سینیٹ میں قرارداد منظور

February 18, 2020

آٹے اور گندم کے بحران پر حکومت کا غیر سنجیدہ رویہ اور نا اہلی واضح ہوگئی، بحران نے غریب عوام کی کمر توڑ دی۔ سینیٹ نے آٹے اور گندم کے بحران پر قرارداد منظور کرلی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

آٹے اور چینی کے بحران پر ایف آئی اے کی رپورٹ سینیٹ میں پیش نہ کیے جانے پر اپوزیشن نے واک آؤٹ کیا۔

وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے کہا کہ انہوں نے ایف آئی اے کی رپورٹ سے متعلق وزیر اعظم کو خط لکھا تھا۔ پیغام آیا کہ ایف آئی اے کی رپورٹ پر کچھ سوالات اور مشاہدات سامنے آئے، رپورٹ پر سوالات اور مشاہدات کو وضاحت کے لیے بھیجا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کر دیں گے۔ اربوں روپے کمانے والے مافیا کو نہیں چھوڑیں گے، سزاملے گی۔

راجا ظفر الحق نے کہا کہ ایف آئی اے رپورٹ اس لیے واپس بھیجی گئی کہ یہ ان کی مرضی کے مطابق نہ تھی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔