پولیو مہم کیلئے”جیونیوز“ کی آواز سے آواز ملائیں!

February 18, 2020

کراچی (محمد ناصر) یاد رکھیں !آنسوؤں کے لاکھوں قطرے ملکر بھی معذوری ختم نہیں کرسکتے البتہ پولیو کے چند قطروں سے ہم اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنا سکتے ہیں۔ ہمیں پولیو کے قطروں سے خطرہ نہیں، قطرے نہ پلانے سے خطرہ ہے۔ یہ پیغام ”پاکستان بمقابلہ پولیو“ کے عنوان سے شروع کی گئی ”جیونیوز“ کی مہم کے ذریعے دیا جارہا ہے۔ جیونیوز کی آواز سے آواز ملانے اور اس مہم کے ذریعے ”پولیو“ کو شکست دینے کیلئے گلوکار، اینکرز، سیاستدان، فنکار اور کھلاڑی بھی میدان میں آگئے ہیں۔ اِن میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی ، اداکار احسن خان، دانش تیمور، فیروز خان، یاسر حسین، اداکارہ رباب ہاشم ، صبور علی ، سنیتا مارشل، یمنیٰ زیدی، گلوکار فاخر محمود ، سابق کرکٹر اور تجزیہ کار سکندر بخت ، اینکر رضا زیدی اور حفضہ چوہدری شامل ہیں۔ انسداد پولیو مہم ملک بھر میں جاری ہے لہٰذا ہمارے پاس 20 فروری تک پولیو کو شکست دینے کے دِن ہیں۔ اس حوالے سے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ لوگ پولیو کے حوالے سے مختلف افواہوں پر کام نہ دھریں اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں، اُنہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی اپنے حلقوں میں جائیں اور عوام کو پولیو کے قطروں کی اہمیت سے آگاہ کریں۔ اداکار احسن خان نے کہا کہ پوری دُنیا میں پولیو کی بیماری تقریباً ختم ہوچکی ہے لیکن پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں پولیو کے کیسز دِن بدن بڑھتے جارہے ہیں جوکہ ہم سب کیلئے انتہائی خطرے کی بات ہے، پاکستان کی کامیابی اور ترقی کا انحصار ہماری نئی نسل پر ہے، ہم میں سے کوئی بھی نہیں چاہتا کہ یہ بیماری ہمارے بچوں میں منتقل ہو لہٰذا سب سے گزارش ہے کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں کیونکہ یہ ہمارے اور ملک کیلئے بہت ضروری ہے۔ پولیو کے قطروں سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں لیکن اِسے نہ پلانے سے خطرہ ہے۔ دانش تیمور نے کہا کہ ہم اتنی کمزور قوم نہیں کہ پولیو جیسی بیماری سے ہار جائیں اس لئے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں اور پاکستان کا مستقبل اپاہج ہونے سے بچائیں۔ فیروز خان کا کہنا تھا کہ دُنیا میں پولیو کا خاتمہ ہوگیا ہے لیکن پاکستان میں اب تک پولیو کے کیسز درج کئے جاتے ہیں اور یہ صرف اس لئے ہے کہ ہم پولیو ویکسین پر اعتبار کرنے کی بجائے اس کے حوالے سے پھیلائی گئی فضول باتیں پر کان دھرتے ہیں، میں اپنے بیٹے سلطان کو قطرے پلاؤں گا آپ بھی اپنے بچوں کو یہ قطرے ضرور پلائیں۔یاسر حسین نے کہا کہ اگر ہمیں پاکستان اور دُنیا بھر کے مستقبل کو اپاہج ہونے سے بچانا ہے تو اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ہوں گے۔ رباب ہاشم نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے کیسز میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے، اگر آپ اپنے ملک کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں اور اِسے اپاہج ہونے سے بچانا چاہتے ہیں تو اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔ صبور علی نے کہا کہ اگر ہمیں پاکستان کی فکر ہے تو اِس کے مستقبل کو اپاہج ہونے سے بچانا ہوگا، بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں اور پاکستان کے مستقبل کو بچائیں۔