کوئٹہ و کیماڑی اموات پر علی ظفر افسردہ

February 18, 2020

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیت علی ظفر نے گزشتہ روز وقوع پزیر ہونے والے پاکستان میں ناخوشگوار واقعات یعنی کیماڑی میں پراسرار گیس کا اخراج اور کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے پر رد عمل دیتے ہوئے اپنے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علی ظفر نے کراچی کے علاقے کیماڑی میں پر اسرار گیس پھیلنے کے نتیجے میں ہونے والی 9 ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کے لوگوں کو ماسک پہننے اور متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی تجویز بھی دے ڈالی۔

جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعا کرتے ہوئے علی ظفر نے لکھا کہ اللہ ہم سب کا حامی و مددگار ہو۔

گلوکار نے گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے بھی ایک ٹوئٹ کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ہماری سرزمین پر پھٹنے والا کوئی بھی بم ہماری طرز زندگی پر ایک وار کی طرح ہے جبکہ ہماری ثقافت امن اور محبت کی نمائندگی کرتی ہے۔

انہوں نے کوئٹہ دھماکے سے متاثر ہونے والوں کے لیے گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آخر یہ تباہی کب ختم ہوگی؟ آخر کب ہمارے تمام زخم بھر جائیں گے؟

واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ کی اہم شاہراہ پر پریس کلب کے قریب دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں اور ایک لیویز اہلکار سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوئے تھے۔