• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ: شارع اقبال پر دھماکا، 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کوئٹہ: شارع اقبال پر دھماکا، 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی


کوئٹہ کی شارع اقبال پر ہونے والے بم دھماکے میں پولیس اور لیویز اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے، وزیراعظم عمران خان نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتےہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کردی، وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ بلوچستان نے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی۔

کوئٹہ کی اہم شاہراہ پر پر یس کلب کے قریب دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں اور ایک لیویز اہلکار سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہوگئیں۔

پولیس، ایف سی اور دیگر سیکورٹی اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کواسپتال منتقل کیا جبکہ جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کر نے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وزیر داخلہ ضیا لانگو نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے آئی جی پولیس کو عوام کے جان ومال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی اور شہر کی سیکیورٹی کے اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

کوئٹہ دھماکے پر اظہار مذمت

وزیراعظم، صدر مملکت، وزیرداخلہ، قائد حزب اختلاف اور وزیراعلیٰ سندھ نے کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کوئٹہ میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات کو سنجیدگی سے لینا ہوگا، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیےحکومت ذمہ داریوں کا ادراک کرے۔

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ ایسے بزدلانہ واقعات سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے والے ناکام ہوں گے، دھماکے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دھماکےکی شدید مذمت کی ہے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

کنوینر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان خالد مقبول صدیقی اور سربراہ تنظیم بحالی کمیٹی فاروق ستار نے بھی کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی۔

تازہ ترین