کے ڈی اے میں جائیداد کی 10829 فائلوں کوکمپیوٹرائز کیا گیا، ڈی جی

February 19, 2020

کراچی( اسٹاف رپورٹر) کے ڈی اے میں جائیداد کی 10829 فائلوں کوکمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے یہ بات ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے لینڈ ڈپارٹمنٹ کے ڈی اے کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،ایڈیشنل ڈائریکٹر لینڈ سلیم زاہد نے اجلاس کو بتایا کہ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کی ہدایات کے مطابق محکمہ آئی ٹی اور دیگر اسٹاف کی خصوصی دلچسپی سے دو ماہ کے قلیل عرصے میں جائیداد کی 10829 فائلوں کوکمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے جس کے باعث الاٹیز کی جائیدادوں کا ریکارڈ محفوظ ہوگیا ہے، ڈائریکٹر جنرل نے لینڈ ڈپارٹمنٹ اور آئی ٹی کے افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی، بعد ازاں جائیدادوں کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے میں بہترین کارکردگی پر آفس اسسٹنٹ حفیظ الحسن، پروگرام آفیسر محمد یوسف عامر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر حسام الکبیر، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایڈمن سلیم زاہد ، ڈائریکٹر آئی ٹی کمال احمد صدیقی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر(ریٹائرڈ) ندیم عمران کو تعریفی شیلڈز پیش کی گئیں، اس موقع پر ممبر ایڈمنسٹریشن عبدالقدید منگی، ممبر فنانس قاضی عبدالقادر، سیکریٹری شکیل احمد خان، ڈائریکٹر آئی ٹی کمال احمد صدیقی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز رئیس تبسم، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ محمد قاسم اورپرائیوٹ سیکریٹری ریاض احمد راشدسمیت لینڈ ڈپارٹمنٹ کے افسران شریک ہوئے۔