اے آر رحمان کی بیٹی نے برقع پر تنقید کرنے والی مصنفہ کو خاموش کرادیا

February 19, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) معروف بھارتی موسیقار اے آر رحمان کی بیٹی کے برقع پہننے پر تنقید کرنے والی متنازع مصنفہ کو منہ کی کھانا پڑگئی، خدیجہ نے بھرپور جواب دے کر منہ بند کروا دیا۔ سماجی رابطے کی ویب پر خدیجہ نے بنگلہ دیش نژاد سویڈش مصنفہ تسلیمہ نسرین کی تنقید کا کرارا جواب دیا۔ اے آر رحمان کی بیٹی کا کہنا تھا کہ اگر آپ کو میرے پہناوے سے گھٹن ہوتی ہے تو باہر جاکر ٹھنڈی ہوا لیجیئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے میرے فیصلوں پر فخر ہے، میرے اہل خانہ کو اس معاملے پر گھسیٹنا درست نہیں اور نہ میں نے اپنی تصویر آپ کو تبصرے کے لیے بھیجی تھی۔ خدیجہ نے تنقید کرنے والوں کر خبردار بھی کردیا۔ انہوں نے تسلیمہ نسرین سے کہا ہے کہ وہ ’اصل فیمنزم‘ کے معنی گوگل سے تلاش کر لیں۔یہ بات انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کی جہاں برقعے میں ان کی تصویر پر تنقید کی گئی۔ رواں ماہ کے اوائل میں تسلیمہ نے ٹویٹ کیا کہ جب انہوں نے اے آر رحمان کی بیٹی کی تصاویر دیکھیں تو انہیں ’گھٹن‘ محسوس ہوئی۔ خدیجہ کی نقاب والی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’یہ جاننا واقعی ڈپریسنگ ہے کہ تعلیم یافتہ عورتیں جن کا تعلق ثقافتی خاندان سے ہے اتنی آسانی سے برین واش ہوسکتی ہیں!‘خدیجہ کی جانب سے گوگل سرچ کی تجویز پر تسلیمہ نے لکھا کہ ’محترمہ خدیجہ اگر آپ گوگل کریں تو آپ کو خواتین کے لیے میری جدوجہد کی بارے میں معلوم ہو جائے گا۔اب تسلیمہ نسرین کی پوسٹ کے بعد، خدیجہ نے خود انسٹاگرام پر مصنفہ کو جواب دینے کے لیے استعمال کیا۔ ان کا کہنا تھا: ’صرف ایک سال گزرا ہے اور اس مسئلے نے پھر سر اٹھایا ہے۔ ملک میں اتنا کچھ ہو رہا ہے اور لوگوں کو محض اس بات پر تشویش ہے کہ ایک عورت کیا پہننا چاہتی ہے۔