اداروں میں خواتین کی شراکت داری سے ادارے مضبوط ہونگے‘ مقررین

February 19, 2020

پشاور(نیوزڈیسک)محکمہ سماجی بہبود خیبرپختونخوا کی جانب سے وومن ایمپاورمنٹ پالیسی کے نفاذ کے حوالے سے پشاور میں مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں صوبائی محتسب برائے انسداد ہراسانی رخشندہ ناز، ممبران صوبائی اسمبلی عائشہ بانو، ساجدہ حنیف، زینت بی بی اور مختلف محکموں کے حکام نے شرکت کی۔ورکشاپ سے خطاب میں صوبائی محتسب رخشندہ ناز کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے بنائی گئی اس پالیسی سے خواتین کو معاشرے میں اپنا جائز مقام حاصل ہوگا، اور ائین میں ان کے لئے دئے گئے حقوق کی پاسداری ہوسکے گی۔ رخشندہ ناز کا کہنا تھا کہ ورکشاپ کا مقصد پالیسی میں موجود خامیوں کو ختم کرنا اور اسے مزید بہتر بنانا ہے تاکہ کام کی جگہوں پر خواتین کو ایک محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے۔ورکشاپ کے شرکاء پالیسی کے نفاذ کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی جس میں کہا گیا کہ پالیسی کے نفاذ سے خواتین کے حقوق کے حوالے سے اگاہی مہم ترتیب دئے جائینگے، اور تعلیمی اداروں میں اس حوالے سے مضامین شامل کئے جائینگے۔ اسی طرح خواتین کو تفریح، کھیل کود اور سفری سہولت کی فراہمی کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائیں جائیں گے، شرکاء کواگاہ کیا گیا کہ سیاسی جماعتوں کو کم از کم پانچ فیصد سیٹس پرخواتین کو نمائیندگی دینے کا پابند کیا جائیگا۔ سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود محمد ادریس کا کہنا تھا کہ پالیسی کا مقصد خواتین کو معاشی، معاشرتی، سیاسی اور قانونی طور پر بااختیار بنانا ہے۔