قذافی اسٹیڈیم کی راہداریوں میں بورڈ چیئرمینز کی تصاویر آویزاں

February 20, 2020

قذافی اسٹیڈیم لاہور کے فار اینڈ کی راہداریوں میں آنر بورڈز اور یادگاری تصاویر کے بعد اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق سربراہان کی بھی تصویریں آویزاں کر دی ہیں۔

پی سی بی نے سابق چیئرمینز کی بلیک اینڈ وائٹ اور رنگین تصاویر فار اینڈ بلڈنگ کی دوسری منزل کی راہداری میں آویزاں کی ہیں ، دیوار پر موجودہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی سمیت کل 34 سربراہان پی سی بی کی تصاویر لگائی گئی ہیں ۔

پی سی بی کے سب سے پہلے چیئرمین افتخار حسین خان ، عبدالحفیظ کاردار ، جاوید برکی ، خالد محمود ، ظفر الطاف ، لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ توقیر ضیاء ، شہریار خان، نجم سیٹھی اور دیگر کے نام شامل ہیں۔

چیئرمینز کی تصاویر کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتانوں کی تصاویر بھی آویزاں کرنے کا کام جاری ہے۔

اس سے قبل پی سی بی پاکستان کرکٹ ٹیم اور ویمن کرکٹ ٹیم کی سنہری یادوں کے عکس بھی فار اینڈ بلڈنگ کی دیواروں پر آویزاں کرچکا ہے، اس کے علاوہ کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں قذافی اسٹیڈیم میں آنر بورڈز کا اضافہ کیا ہے جس پر کھلاڑیوں کے انفرادی ریکارڈ اور فاتح ٹیموں کے اعداد و شمار درج ہیں۔