ڈیش بورڈ پر جعلی اعداد و شمار اپ لوڈ کرنے پر سب انجینئر معطل

February 20, 2020

سیکریٹری ہاؤسنگ اربن ڈیولپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب کی ہدایت پر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم ڈیش بورڈ پر جعلی اعدادوشمار اپ لوڈ کرنے والے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سب ڈویژن شجاع آباد (پنجاب) کے سب انجینئر کو معطل کردیا گیا۔

مذکورہ سب انجینئر نے ایک روز میں ترقیاتی اسکیموں کی 33فیلڈ وزٹ رپورٹس ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کیں جن میں ایک ہی اسکیم کے دس مرتبہ دورے بھی شامل تھے جبکہ مذکورہ افسر نے اپنی کوئی تصویر اپ لوڈ نہیں کی تھی۔

لاہور ہیڈ آفس میں فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کے حوالے سے جاری میٹنگ کے دوران سیکرٹری ندیم محبوب نے سافٹ وئیر کی مدد سے سب انجینئر کی جعلی رپورٹ کی نشاندہی کی۔

نشاندہی پر اعداد و شمار کو فرضی قرار دیا گیا، جس کے بعد مذکورہ سب انجینئر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

واضح رہے کہ سیکریٹری ہاؤسنگ ندیم محبوب نے ترقیاتی اسکیموں کی جلد تکمیل کیلئے افسران کو دوروں کی تفصیل ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس عمل سے کام میں غفلت برتنے والوں کا تعین کرنا آسان ہوگیاہے۔